لاہور: ٹریفک پولیس نے ای چالان کی عدم ادائیگی پر 2 ہزار 546 گاڑیاں بلیک لسٹ کر کے ان کی ضبطگی کا حکم جاری کر دیا ہے، یہ کارروائی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تعاون سے عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ٹریفک پولیس نے ان شہریوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جو بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باوجود جرمانے ادا نہیں کرتے۔
اس حوالے سے ایک جامع ایکشن پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر اطہر وہید کے مطابق بلیک لسٹ شدہ گاڑیوں کو شہر بھر میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریس کیا جائے گا اور تمام واجبات ادا ہونے تک گاڑیاں ضبط رہیں گی۔
ڈاکٹر اطہر وہید نے بتایا کہ تمام ٹریفک افسران کو دورانِ ڈیوٹی ہر گاڑی کے ای چالان ریکارڈ کی جانچ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ای چالان نظام مکمل طور پر خودکار ہے اور شہریوں کو بلا امتیاز چالان بھیجے جاتے ہیں، اس لیے ان کی ادائیگی ہر شہری کی قانونی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک نظم و ضبط اور سڑکوں پر حفاظت میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ٹیمیں گاڑیوں کی ضبطگی مہم میں مکمل معاونت فراہم کر رہی ہیں۔
ابتدائی طور پر ان گاڑیوں کو بلیک لسٹ کیا گیا ہے جن کے 50 یا اس سے زائد چالان جمع نہیں کرائے گئے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے حال ہی میں ای چالان کی جانچ پڑتال کے لیے ایک نیا آن لائن فیچر بھی متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے شہری اپنے غلط ای چالان کی درستگی کی درخواست دے سکتے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق شکایت موصول ہونے پر تصدیقی ٹیم موقع پر جا کر چیک کرتی ہے اور اگر غلطی ثابت ہو جائے تو ای چالان فوری طور پر منسوخ کر دیا جاتا ہے۔ شہری اپنے تمام زیر التوا چالان اور تصاویر بھی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کے بعد دیکھ سکتے ہیں۔
یہ نیا فیچر ٹریفک نظام میں جدت، شہری آسانی اور ڈیجیٹل سروسز کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








