ویڈیو وائرل ہوتے ہی قانون حرکت میں آگیا! ٹریفک اہلکاروں پر تشدد میں ملوث بگڑا رئیس زادہ گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے بگڑے رئیس زادے کو پولیس نے کار نمبر کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کرلیا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بااثر نوجوان ٹریفک اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔

افسوسناک واقعہ مبینہ طور پر اسلام آباد کے سیکٹر I-8 میں پیش آیا جہاں اس نوجوان نے سڑک کے بیچ تین ٹریفک وارڈنز کو مارا پیٹا۔ پولیس اہلکاروں کو تشدد کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی اسلام آباد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسری جانب شہریوں نے واقعے پر شدید ردعمل دیا۔

اسلام آباد پولیس کے آفیشل (ایکس) سابق ٹوئٹر ہینڈل سے ایک جاری پیغام میں بتایا گیا کہ گزشتہ رات اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران پر حملہ کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے ملزم کو فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں کا کہنا ہے کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔

دوسری جانب عینی شاہدین کے مطابق اگر یہی حرکت کسی عام یا غریب شہری نے کی ہوتی تو وہ اب تک جیل میں ہوتا یا بری طرح زخمی کیا جا چکا ہوتا۔

سوشل میڈیا پر بھی صارفین نے اس واقعے پر ردِعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ قانون صرف کمزوروں کے لیے سخت اور طاقتوروں کے لیے نرم کیوں ہے؟ ایک صارف نے لکھا کہ اسلام آباد کے امیر نوجوان خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، نہ وردی کی عزت کرتے ہیں اور نہ ہی قانون کی۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ اگر یہی حرکت کسی عام شہری نے کی ہوتی تو پولیس فوراً کارروائی کرتی مگر اس معاملے میں خاموشی اختیار کی جا رہی ہے تاہم کچھ لوگوں نے ملزم کی ظرف داری کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ ٹریفک اہلکار اکثر شہریوں سے سخت رویہ رکھتے ہیں جس کے نتیجے میں اس طرح کے ناخوشگوار واقعات جنم لیتے ہیں۔

اس واقعے کے بعد ایک بار پھر یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ پاکستان میں قانون صرف کمزور کے لیے طاقتور ہے جبکہ بااثر افراد اکثر سزا سے بچ نکلتے ہیں۔

Related Posts