بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور کے علاقے شانتی نگر میں رچمنڈ سرکل کے قریب ایک تیز رفتار خالی ایمبولینس نے سگنل پر رکھے ہوئے تین موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا۔ افسوسناک حادثے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق حادثہ اتنا شدید اور خوفناک تھا کہ موٹر سوئیکل سوار محمد اسماعیل اور ان کی اہلیہ سمین بانو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 اور بائیک رائیڈر شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر نیمہانس ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایمبولینس نے ایک موٹرسائیکل سوار کو تقریباً 50 میٹر تک گھسیٹا اور پھر ٹریفک پولیس کے بوث سے ٹکرائی۔ حادثے کے بعد ایمبولینس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
حادثے کے بعد شہریوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے سڑک بلاک کردی جبکہ کئی مشتعل مظاہرین نے ایمبولینس کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی کی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال روانہ کردیا جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور مفرور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








