ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اولمپئن ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے، جب کہ سید حبیب شاہ کو 10 سال کے لیے ایتھلیٹکس کی سرگرمیوں سے دور کر دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے غیر قانونی انتخابات کرانے کے الزام میں کیا گیا۔ فیڈریشن نے ان انتخابات کو بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابی عمل فیڈریشن کے آئین کے برخلاف تھا۔
اس حوالے سے قائم انکوائری کمیٹی نے دونوں شخصیات کو طلب کیا تھا، مگر وہ پیش نہ ہوئے۔ کمیٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سلمان بٹ اور حبیب شاہ نے آئینی ضوابط کی خلاف ورزی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
فیڈریشن کے اعلامیے کے مطابق سلمان بٹ اب کسی بھی سطح پر ایتھلیٹکس سے متعلق کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، جب کہ تمام وابستہ یونٹس اور اداروں کو پابندی کے فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








