کراچی چڑیا گھر میں موجود شیرنی نے تین صحت مند شیروں کے بچوں کو جنم دیا جس کی باضابطہ تصدیق انتظامیہ نے کر دی ہے۔
ویٹرنری ماہرین کے معائنے کے مطابق یہ نومولود شیر مکمل طور پر صحت مند ہیں، جبکہ چڑیا گھر انتظامیہ نے ان کی خصوصی دیکھ بھال کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے تحت انہیں بتدریج عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق یہ بچے 16 نومبر کو پیدا ہوئے اور مسلسل ویٹرنری چیک اپ کے بعد انہیں بہترین صحت کا حامل قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے نومولود شیروں کی خصوصی نگہداشت اور بہتر ماحول کی فراہمی کے واضح احکامات جاری کیے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق یہ شیر کے بچے فی الحال عوام کو نہیں دکھائے جائیں گے اور انہیں ویٹرنری کلیئرنس کے بعد مرحلہ وار نمائش کے لیے لایا جائے گا تاہم اس کے باوجود شہری جوق در جوق ننھے شیروں کو دیکھنے آرہے ہیں۔
میئر مرتضیٰ وہاب نے اس پیدائش کو شہر اور جنگلی حیات کے شائقین کے لیے خوش آئند پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی چڑیا گھر میں حالیہ بہتری کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








