کراچی میں لوڈ شیڈنگ نے چھت پر سوئے 14سالہ لڑکے کی جان لے لی۔ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی نے گھر کے چراغ کو بجھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے کورنگی میں پیش آیا جہاں ایک گولی نامعلوم سمت سے آئی اور 14 سال کے علی رضا کے سر پر لگی جسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
چودہ سالہ علی رضا دورانِ علاج انتقال کرگیا۔ جاں بحق لڑکے کے والد نے کہا کہ میرا بیٹا گھر کی چھت پر سو رہا تھا۔ رات کے کسی پہر میرے بیٹے کو نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگ گئی۔ میری آنکھ کھلی تو بچے کو لمبی لمبی سانسیں لیتے ہوئے پایا۔
لڑکے کے والد نے کہا کہ 14سالہ علی رضا گولی لگنے کے بعد کوئی چیخ تک نہ نکال سکا۔ علی رضا کی دادی کا کہنا ہے کہ آج میرے پوتے کی سالگرہ تھی۔ 6 ماہ کی عمر میں جب اس کی والدہ انتقال کرگئی تھی تو میں نے اسے پالا، آج یہ دن دیکھنا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گھروں کے بچے اور بڑے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث راتوں کو گھر کی چھت پر سوجاتے ہیں۔ اگر لوڈ شیڈنگ نہ ہوتی تو شاید آج 14سالہ نویں جماعت کا طالبِ علم علی رضا زندہ ہوتا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








