لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں بارشوں اور ممکنہ سیلاب کیلئے پیشگی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے سے قائم کیے گئے صفائی کے معیار کو برقرار رکھنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ مریم نواز نے کہا کہ عید پر صفائی کا جو معیار قائم کیا گیا، اسے ہر صورت قائم رکھنا ہوگا۔ صوبے کے ہر ضلعے میں عید کی طرح مانیٹرک کیلئے مستقل کنٹرول روم ہونا چاہئے۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ محرم الحرام، سیلاب اور ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر پیشگی انتظامات کیے جائیں۔ دورانِ اجلاس عیدالاضحیٰ اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے صوبائی حکومت کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں کوڑا اٹھانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے بلکہ مریم نواز کی حکومت میں ایک ایسا ریکارڈ بھی قائم کیا گیا جو ملک کی تاریخ میں کبھی نہ کسی نے دیکھا اور نہ سنا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت میں ٹرانسپورٹرز نے نہ صرف کرایوں میں کمی کی بلکہ عوام سے وصول کیے گئے زائد کرائے واپس بھی کردئیے جبکہ مریم نواز کی حکومت میں صوبے کے قرضوں میں 23ارب روپے کی کمی ہوئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








