کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقے صبح سے جاری ہلکی بارش کے باعث کے الیکٹرک کے سسٹم میں خرابی کے بعد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔
محمودآباد، منظور کالونی، اختر کالونی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، بلدیہ، اورنگی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہلکی بارش کے باوجود کے الیکٹرک کے 280 فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر بھر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ شہرِ قائد میں اتوار سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جو آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں بارش کے 4 سے 6 اسپیل آ سکتے ہیں جن سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بارش کے دوران کراچی کو شدید بجلی بحران کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب پوش علاقوں میں بھی بجلی 48 گھنٹے تاخیر سے بحال ہوئی تھی اور شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جاری بارش کے دوران بھی بجلی کی فوری بحالی کا امکان کم دکھائی دیتا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








