مئی 2026 پاکستانی شہریوں کیلئے چھٹیوں سے بھرپور مہینہ بننے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس میں مختلف سرکاری تعطیلات، ہفتہ وار آرام کے دن، یومِ تکبیر اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ چھٹیوں کو شامل کیا جائے تو مجموعی طور پر 14 سے 15 دن تک چھٹیاں میسر آنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق یکم مئی کو یومِ مزدور جمعہ کے روز آ رہا ہے۔ اس کے بعد 2 اور 3 مئی، یعنی ہفتہ اور اتوار کی معمول کی تعطیلات شامل ہونے سے سرکاری و نجی شعبے کے ملازمین کو مسلسل تین دن آرام کا موقع مل سکتا ہے۔
مہینے کے آخری حصے میں عیدالاضحیٰ کے باعث مزید تعطیلات بھی ہوں گی۔ اگر 17 مئی کو ذوالحج کا چاند نظر آ جاتا ہے تو عید 27 سے 29 مئی کے دوران متوقع ہے، اور اس صورت میں ہفتہ وار چھٹیوں کو ملا کر تقریباً پانچ دن کا مسلسل وقفہ بھی بن سکتا ہے۔
اگر 17 مئی کو چاند کی رویت نہ ہو سکی اور ذیقعد کے 30 دن مکمل ہو گئے تو عیدالاضحیٰ 28 سے 30 مئی کے درمیان منائی جانے کا امکان ہوگا۔ اس صورتحال میں اتوار 31 مئی کی تعطیل بھی اس تسلسل میں شامل ہو کر وقفے کو مزید بڑھا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ اگر حکومت کی جانب سے پیر 25 مئی کو اضافی تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے تو اس کے نتیجے میں 23 اور 24 مئی کے ہفتہ وار دنوں کے ساتھ ملا کر ایک طویل تعطیلاتی سلسلہ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ ذوالحج کے چاند کی رویت کیلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 مئی کو طلب کیا گیا ہے، جس کے بعد عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








