کراچی سے چھینی گئی مہنگی گاڑی 15 سال بعد اسلام آباد سے بازیاب

تازہ ترین

تازہ ترین

بازیاب شدہ لگژری گاڑی، فوٹو اے آر وائی

اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی پولیس نے ایس ایچ او عامر حیات کی قیادت میں ایک کامیاب آپریشن کے دوران وہ پرتعیش پراڈو ایس یو وی برآمد کرلی جو 2010 میں کراچی کے علاقے درخشاں سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق گاڑی کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے ہے، جسے بعد میں جعلی رجسٹریشن نمبر CG-333 ICT کے تحت اسلام آباد میں استعمال کیا جا رہا تھا۔

خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران پولیس نے ایک مشتبہ گاڑی کو روکا، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ یہی وہ گاڑی ہے جو 27 مارچ 2010 کو کراچی سے چھینی گئی تھی۔

گاڑی میں موجود شخص سکندر کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کیا گیا۔ مزید تفتیش کے بعد پولیس نے گاڑی اصل مالک کے حوالے کر دی۔

ایس ایس پی اے وی ایل سی امجد شیخ کے مطابق یہ کارروائی دو ماہ قبل اگست میں انجام دی گئی تھی اور گاڑی کا اصل رجسٹریشن نمبر BD-950 ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد ایک بڑی کامیابی ملی ہے، جس سے ناصرف چوری کی وارداتوں کے پرانے ریکارڈ کھل گئے بلکہ بین الصوبائی گاڑی چور گروہوں کے تانے بانے بھی بے نقاب ہونے کی امید ہے۔

Related Posts