کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ اور رینجرزنے لیاری کے علاقے لی مارکیٹ میں کارروائی کرکے لیاری گینگ وار کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ہے۔
دہشت گرد نصیر عرف دیش کا تعلق گینگ وار بابالاڈلاگروپ سے ہے، ملزم کے قبضے سے ایک کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم بابالاڈلا کے بھائی زاہدلاڈلا کا دست راست ہے جو کہ قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری اور دیگرسنگین جرائم میں ملوث ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ تمام وارداتیں زاہدلاڈلا کے کہنے پر کی ہیں، جس میں بھتہ خوری ، قتل اقدام قتل کی وارداتیں شامل ہیں۔
ملزم نے بتایاکہ قتل ،اقدام قتل کی وارداتیں لیاری گینگ وار کے مخالف گروپوں کے کارندوں اور بھتہ دینے سے انکار اورغیربلوچ لوگوں کو بسوں سے اتارکر اغواء کے بعد قتل کیاگیا۔
ملزم نے انکشاف کیاکہ لیاری آپریشن شروع ہونے کے بعد ملزم بلوچستان کے علاقے مہمند میں روپوش ہوگیا تھا۔سال2017میں بی آراے کارکن عبید سے مہمند کے علاقے میں ملاقات ہوئی ، جس کے کہنے پر بی آراے تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔
سال2018میں کیچ کے علاقے میں بی آراے کے ٹریننگ کیمپ میں استاد شاہنوازسے دہشت گردی کی ٹریننگ حاصل کی اور بی آراے کے دہشت گردوں سے مل کرایف سی کی چیک پوسٹوں پر حملوں میں بھی ملوث رہا۔
ملزم نے بتایا کہ زاہدلاڈلا کی ہدایت پر لیاری واپس آیا اور اسی کی ہدایت پر نیاگروپ تشکیل دے رہاتھا ، جس کا مقصد لیاری کاامن خراب کرنا،دہشت گردی اور بھتہ خوری کی وارداتیں دوبارہ شروع کرناتھا۔
ملزم کی نشاندہی پراسکے دیگرساتھیوں کی تلاش جاری ہے اور جلداہم گرفتاریاں متوقع ہیں ۔