کراچی :رینجرز اور کسٹم نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے ساڑھے 5 کروڑ روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز اور کسٹم حکام نے کشمور، کندھ کوٹ اور بلوچستان بارڈر پر کارروائیاں کیں اور مختلف کارروائیوں میں 5 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کا سامان برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق برآمد سامان میں 1100 سے زائد کپڑے کے بنڈلز، 166 بنڈلز پیراشوٹ کلاتھ، 827 ٹائرز اور خشک دودھ کے پیکٹس بھی شامل ہیں۔ضبط کیا جانے والا سامان کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
دوروز قبل پاکستان کسٹمز پریوینٹیو کراچی نے سائٹ ایریا میں واقع فیکٹری پر چھاپہ مارا جس کے دوران 30 ہزار کلو گرام اسمگل کی گئی مضرِ صحت چھالیہ برآمد ہوئی تھی۔
پاکستان کسٹمز پریوینٹیو کراچی کا مضر صحت چھالیہ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے دوران سائٹ ایریا میں واقع فیکٹری پرخفیہ اطلاع ملنے کے بعد چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔
ترجمان کسٹمز کے مطابق کامیاب کارروائی کے دوران 30 ہزار کلو گرام اسمگل کی گئی مضرِ صحت چھالیہ، نگینہ ٹکرا اسپیشل سویٹ سپاری کے 900 پیکٹ جبکہ سوڈیم سائیکلا میٹ 2500 کلو گرام کی مقدار میں برآمد ہوئی۔