قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان کو فروری 2026 کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا گیا، جس کے ذریعے ٹی20 ورلڈ کپ میں ان کی غیر معمولی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔
اگرچہ قومی ٹیم ایونٹ میں زیادہ آگے نہ بڑھ سکی، تاہم صاحبزادہ فرحان بیٹنگ کے میدان میں نمایاں ترین کھلاڑی کے طور پر ابھرے۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 6 اننگز میں 76.60 کی اوسط اور 160.25 کے جارحانہ اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ مجموعی طور پر 383 رنز اسکور کیے، جو ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رہے۔
انتیس سالہ بیٹر کی کارکردگی میں 2 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں شامل تھیں، اور وہ ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک ہی ایڈیشن میں ایک سے زائد سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔
پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ حاصل کرنے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ورلڈ کپ جیسے بڑے اسٹیج پر کارکردگی دکھانے کے بعد یہ اعزاز ملنا میرے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔دنیا بھر کے شائقین کے سامنے کھیلنا اس کامیابی کو مزید خاص بناتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ان کے کیریئر کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور وہ آئندہ سیریز میں بھی اسی فارم کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں، جبکہ ٹیم کے ساتھیوں کی حمایت کو اپنی کامیابی کا اہم سبب قرار دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








