سندھ کے ضلع خیرپور میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے ایک مقابلے میں انتہائی مطلوب ڈاکو اشقیل پھلپھٹو ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ یہ واقعہ اتوار کے روز پیش آیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، یہ مقابلہ سیکشن بی تھانے کی حدود میں واقع میمن محلہ، لقمان کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ڈاکو ایک واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ایس ایچ او سیکشن بی لقمان کو خفیہ اطلاع ملی کہ کچھ نامعلوم مسلح افراد علاقے میں ڈکیتی کی نیت سے موجود ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
جیسے ہی پولیس اہلکار موقع پر پہنچے، ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ اس دوران ایک بدنام زمانہ ڈاکو اشقیل پھلپھٹو شدید زخمی ہو گیا اور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق، ہلاک ہونے والا ڈاکو اپنی شناخت چھپانے کے لیے بار بار نام تبدیل کرتا رہا اور اس کے خلاف متعدد سنگین مقدمات درج ہیں۔ جائے وقوعہ سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور ایک پستول بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
ایس ایس پی خیرپور کے مطابق، پولیس دیگر اضلاع سے بھی ملزم کا مکمل کرمنل ریکارڈ حاصل کر رہی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








