کراچی میں متوقع شدید بارشوں اور شہری سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس نے منگل کے روز اہم فیصلہ کرتے ہوئے طارق روڈ کے دونوں اطراف کو نو پارکنگ زون قرار دے دیا ،اس اقدام کا مقصد ہنگامی حالات میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہے تاکہ شہری مشکلات سے بچ سکیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شدید بارش کی صورت میں اگر شارع فیصل زیرِ آب آتی ہے تو ٹریفک کو ہنگامی راستے کے طور پر طارق روڈ سے گزارا جائے گا، اس لیے یہاں گاڑیوں کی پارکنگ پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شہریوں، مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور دکانداروں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ طارق روڈ پر کسی قسم کی پارکنگ سے گریز کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
طارق روڈ کو نو پارکنگ زون قرار دے دیا گیا۔#KarachiRains #TariqRoad pic.twitter.com/4j4sQeW50N
— CityNews021 (@CityNews021) September 9, 2025
اس سے قبل دن کے آغاز پر شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کی اطلاع ملی جس کے بعد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ پھسلن کے باعث احتیاط سے ڈرائیونگ کریں اور نچلی جگہوں پر سفر سے اجتناب کریں۔
دوسری جانب ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی جاوید عالم اوڈھو نے تمام زونل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ٹیموں کو مکمل بریف کریں اور بارش کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








