سونے کی قیمت کو پر لگ گئے؛ فی تولہ نئی تاریخی سطح پر پہنچ گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے دن نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد فی تولہ سونا ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔

صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، آج مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 4 ہزار 100 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 88 ہزار 100 روپے پر فروخت ہو رہا ہےجبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 514 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد اس کا نیا نرخ 3 لاکھ 32 ہزار 733 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

صرف سونا ہی نہیں بلکہ چاندی کی قیمت میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔ آج کے روز فی تولہ چاندی کی قیمت میں 20 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 4 ہزار 358 روپے تک جا پہنچی۔ اسی طرح 10 گرام چاندی 17 روپے مہنگی ہو کر 3 ہزار 736 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان جاری ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج فی اونس سونا 41 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 3 ہزار 654 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق، عالمی معاشی بے یقینی، افراطِ زر اور سرمایہ کاری کے رجحانات سونے کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے کی بنیادی وجوہات ہیں۔

Related Posts