راولپنڈی: پاکستانی نژاد کینیڈین ملزم کا 3 بچوں کو کینیڈا لے جا کر زبردستی قادیانی بنانے کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ عدالت نے بچوں کو بیرونِ ملک جانے سے روکنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو اسد اللہ خان نامی کینیڈین شہری اور اس کی اہلیہ کلثوم خان کی حراست سے بچوں کوچھڑانے کا حکم مل گیا۔ اظہر حمید ایڈووکیٹ نے اے ڈی ایس جے راولپنڈی علی رضا اعوان کی عدالت میں پٹیشن دائر کردی۔
درخواست گزار عبدالحمید ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ میری شادی کلثوم خان سے 2009 میں ہوئی جس سے میرے 3 بیٹے پیدا ہوئے۔ 2020 میں خاتون نے کینیڈا منتقل ہونے کی ضد شروع کردی جس سے انکار پر اظہر حمید سے طلاق لے لی۔
اظہر حمید ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ ہمارے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ سب سے چھوٹا بیٹا ماں جبکہ دو بڑے بیٹے باپ کے پاس رہیں گے۔ بعد ازاں کلثوم خان نے جنوری 2021 میں اپنے قادیانی کزن سے شادی کر لی جس پر درخواست گزار نے شریعت کی روشنی میں بچہ واپس لینے کا فیصلہ کیا۔
بعد ازاں دونوں خاندانوں کے مابین جرگے میں طے پایا کہ تینوں بچے باپ کے پاس رہیں گے، ماں جب چاہے، ان سے ملاقات کرسکے گی۔ اظہر حمید نے کہا کہ اسد اور کلثوم اکثر تینوں بچوں کو ساتھ لے جا کر کئی دن تک واپس نہیں آنے دیتے۔ وہ بچوں کو قادیانی بنانا چاہتے ہیں۔
عدالت سے کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسد اور کلثوم خان نے عدالت کو بتائے گئے پتے سے مکان خالی کرکے درخواست گزار کے علم میں لائے بغیر روپوشی اختیار کر لی۔ اسد اللہ احمدی مذہب سے تعلق رکھتا ہے جو بچوں کو اپنی جماعت کے حوالے کردے گا۔
مدعی اظہر حمید کے مؤقف کے مطابق اسد اللہ بچوں کو اپنی جماعت کے حوالے کرکے لاکھوں ڈالرز اور ویزے حاصل کرنا چاہتا ہے۔ عدالت سے درخواست کی گئی کہ پولیس اور دیگر حکومتی ادارے تین معصوم بچوں کو بازیاب کرا کر عدالت میں پیش کریں۔
دوسری جانب اسد اللہ خان کے خلاف عمران شہزاد نے بھی عدالت میں پٹیشن دائر کر رکھی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پاکستانی نژاد کینیڈین شہری عمران شہزاد کی کریانہ کی دکان پر سودا سلف لینے آتا تھا۔ دوستی ہونے پر عمران شہزاد نے کینیڈا جانے کا کہا۔
عمران شہزاد کے مطابق کینیڈا جانے کی خواہش کا اظہار کرنے پر اسد نے عمران شہزاد کو قادیانی بننے پر مجبور کیا۔ اس حوالے سے تاحال اسد اللہ اور کلثوم خان کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔ عدالت نے راولپنڈی پولیس کو حکم دیا ہے کہ اسد اللہ اور اہلیہ کلثوم خان کو بیرونِ ملک جانے سے روکا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، سپر ہائی وے کے قریب تیزرفتار گاڑی الٹ گئی، 12افراد زخمی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








