پشاور پولیس نے شہری کو ہاکی سے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے زخمی ہونے والے شہری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ایس ایس پی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
نجی ٹی وی(جیونیوز) کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پشاور کے علاقے حیات آباد میں پیش آیا۔ واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں پولیس اہلکار شہری کو ہاکی سے ماررہا ہے جسے بچانے والا کوئی نہیں۔
اپنے پولیس اہلکار کا دفاع کرتے ہوئے ایس پی کینٹ پشاور وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ ملزم ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہوا جس پر گھر کی خاتون نے پولیس کو فون کرکے بلا لیا تھا۔
ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ پولیس نے گھر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ ملزم چند روز قبل سکیورٹی گارڈ کے قتل میں بھی ملوث ہے جس کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے۔
تاہم ایس پی کینٹ نے یہ وضاحت نہیں کی کہ پشاور پولیس کو ملزم کی گرفتاری اور تفتیش کی بجائے ہاکی سے مارپیٹ کا حق کس نے دیا؟ ایس ایس پی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش کا حکم دے دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








