وفاقی وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے ایم-9 موٹروے پر ہونے والے جان لیوا حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
انہوں نے انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس کو ہدایت کی کہ حادثے کی تحقیقات کر کے جلد از جلد تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ ایک بیان میں وزیرِ مواصلات نے حکام کو گاڑیوں کی فٹنس کی سخت جانچ یقینی بنانے، خصوصاً ٹائروں کی حالت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے حکم دیا کہ خراب، کمزور یا زائد المیعاد ٹائروں والی کسی بھی گاڑی کو موٹروے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے اور تمام گاڑیوں کو داخلے سے قبل مکمل طور پر چیک کیا جائے۔
وزیر نے کہا کہ اگرچہ کمرشل ٹرانسپورٹ کی کڑی نگرانی ضروری ہے، لیکن نجی گاڑیوں کی بھی مناسب حفاظتی جانچ ہونی چاہیے۔ انہوں نے موٹروے پولیس کو ہدایت کی کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر چلنے والی ہر گاڑی کے لیے مقررہ حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
عبدالعلیم خان نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور ان کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








