پاکستان نیوی 3 سے 6 نومبر تک کراچی کے ایکسپو سینٹر میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (پائی میک) 2025 کا اہتمام کر رہی ہے جس کا مقصد ملک کے بڑھتے ہوئے سمندری شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو مضبوط بنانا اور عالمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
یہ دوسرا پائی میک ایڈیشن ہے جس میں 178 نمائش کنندگان حصہ لیں گے جس میں 28 غیر ملکی کمپنیاں اور 150 مقامی ادارے شامل ہیں جبکہ یورپ، ایشیا، مشرق وسطیٰ، شمالی امریکہ اور جنوبی امریکہ سمیت 40 سے زائد ممالک کے وفود چار روزہ نمائش اور کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
ٹریفک انتظام کا پلان
کراچی ٹریفک پولیس نے شرکاء اور عوام کی سہولت کے لیے مکمل ٹریفک پلان جاری کیا ہے تاکہ ایکسپو سینٹر اور نیشنل اسٹیڈیم کے گردونواح میں رش کم ہو۔
عارضی پابندیاں
ایکسپو سینٹر اور اسٹیڈیم کی طرف جانے والی اہم سڑکوں پر بھاری گاڑیوں اور کمرشل ٹریفک پر وقتی پابندی ہوگی۔
شاہراہ فیصل (نرسری سائیڈ) سے اسٹیڈیم کی طرف بھاری گاڑیاں نہیں جا سکیں گی۔
حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ سے سر شاہ سلیمان روڈ کی طرف کوئی ٹریفک نہیں جائے گا۔
کرساز اور ڈرگ روڈ سے ملینیم مال یا نپا کے راستے راشد منہاس روڈ تک پہنچا جا سکے گا۔
ایئرپورٹ سے ڈرگ روڈ پر دائیں مڑ کر ملینیم مال اور راشد منہاس روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
بھاری گاڑیوں کے لیے متبادل راستے
راشد منہاس روڈ اور ملینیم مال سے اسٹیڈیم یا ڈالمیا کی طرف بھاری ٹریفک نہیں جائے گا۔ اسے شاہراہ فیصل، نپا، گلشن چورنگی، سہراب گوٹھ یا صفورہ گوٹھ کی طرف موڑا جائے گا۔
نپا سے حسنین اسکوائر، اسٹیڈیم روڈ یا یونیورسٹی روڈ کی طرف بھاری گاڑیاں نہیں جائیں گی بلکہ بلوچ پل کے راستے شہید ملت روڈ پر بھیجی جائیں گی۔
لیاقت آباد نمبر 10 سے حسنین اسکوائر تک سر شاہ سلیمان روڈ بھاری گاڑیوں کے لیے بند رہے گی، البتہ ہلکی گاڑیاں شاہراہ پاکستان سے کریم آباد ہوتے ہوئے سہراب گوٹھ جا سکتی ہیں۔
حسنین اسکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم جانے اور آنے والی ہلکی گاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








