اسلام آباد: امام بارگاہ دھماکے میں شہادتوں کی تعداد 31ہوگئی، 169افراد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

دھماکا
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خودکش بم دھماکے میں شہید افراد کی تعداد 31 ہوگئی جبکہ 169 افراد زخمی ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔

تفصیلات کے مطابق خودکش دھماکا مسجد و امام بارگاہ میں اس وقت ہوا جب نمازِ جمعہ ادا کی جارہی تھی۔ خودکش بمبار نے مسجد میں داخلے سے روکنے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کا کہنا ہے کہ دھماکے میں مجموعی طورپر 31افراد شہید ہوئے ہیں۔

ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ دھماکے کے بعد ہسپتال لائے گئے زخمیوں کی تعداد 169 ہوگئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ دھماکے سے زخمی متعدد افراد کی حالت تشویشناک تھی۔دھماکے کے بعد اسلام آباد کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے واقعے کے نتیجے میں زخمی افراد کی تعداد ابتدائی طور پر 15 بتائی تاہم بعد میں آنے والی اطلاعات کے مطابق پمز ہسپتال میں 11 افراد کی میتیں اور 60زخمی افراد کو لایا گیا، ہسپتال میں مزید زخمیوں کی گنجائش ختم ہوگئی۔ زخمیوں کو راولپنڈی اسلام آباد کے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

Related Posts