راولپنڈی: لکی مروت دھماکے کے شہداء کی آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی ہے۔سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور جوانوں کی گاڑی بارودی سرنگ سے جاٹکرائی تھی جس کے باعث دھماکہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق لکی مروت کے شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ صوبیدار میجر محمد نذیر، لارنس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی کو سپردِ خاک کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ تمام فوجی اہلکاروں کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا جن میں سپاہی اسد اللہ ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود بھی شامل ہیں۔ نمازِ جنازہ میں فوجی افسران، شہداء کے اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ بہادر شہداء کی شہادتیں ہماری عزم و ہمت کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ خیال رہے کہ لکی مروت میں ہونے والے آئی ای ڈی دھماکے میں پاک فوج کے 7جوان ایک ساتھ شہید ہوئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








