وزیراعظم کا وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ، وزارتوں کی تقسیم شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

کابینہ میں توسیع
(فوٹو: پاکستان آبزرور)

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت وزارتیں اتحادی جماعتوں میں تقسیم کی جائیں گی۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کے بعد وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرلیا۔ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ اتحادی جماعتوں اور پیپلز پارٹی سے سینئر سیاسی رہنماؤں کو وزارتیں دے کر کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نئے کابینہ اراکین کی شمولیت کیلئے ورکنگ مکمل کر لی، ایک بار پھر پیپلز پارٹی کو وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کی دعوت دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کو ٹاسک دے دیا گیا جبکہ وزارتوں پر گفت و شنید شروع کردی گئی۔

پی پی پی کو کابینہ کا حصہ بنانے اور وزارتوں کی تعداد پر مشاورت جاری ہے۔ نجی ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے بعد پی پی پی کے سی ای سی اجلاس میں معاملہ رکھنے کا فیصلہ ہواہے۔ وفاقی کابینہ میں شمولیت کا اعلان سی ای سی اجلاس کے بعد ہوگا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور رہنما پی پی پی قمر زمان کائرہ سے رابطے کیے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو کون سی وزارتیں دی جائیں گی اور دیگر اتحادی جماعتوں کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے گا یا نہیں، اس بارے میں فیصلہ جلد سامنے آنے کی توقع کی جارہی ہے۔

Related Posts