لاہور :پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس کے دوران پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بن کر نئی تاریخ رقم کردی۔
مریم نواز ملک کے کسی بھی صوبے کی وزیر اعلیٰ منتخب ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ انہیں اپنے حریف رانا آفتاب کے مقابلے میں 220 ووٹ ملے جو اسمبلی سے واک آؤٹ کرنے والوں میں شامل تھے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کے درمیان شروع ہوا جب اپوزیشن سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔
جیسے ہی اسپیکر ملک احمد خان نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے طریقہ کار کی وضاحت کی تو سنی اتحاد کونسل کے ممبران کھڑے ہو گئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے کارروائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کی اور ایوان سے واک آئوٹ بھی کیا۔
سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے اعتراض اٹھایا کہ ایوان نامکمل ہے کیونکہ خواتین کی مخصوص نشستوں اور اقلیتی ارکان کا ابھی تک نام نہیں لیا گیا۔ رانا آفتاب نے کھڑے ہو کر اسپیکر سے پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے کی اجازت چاہی لیکن انہیں اجازت نہیں دی گئی۔ اس پر ایس آئی سی نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔
اسپیکر خان نے مظاہرین سے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جو کچھ دیر کے لیے اسمبلی میں واپس آگئی لیکن دوبارہ باہر چلی گئی۔ اس کے بعد اسپیکر نے اپوزیشن کے بغیر کارروائی کا فیصلہ کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








