لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کی ذمہ داری سے آگاہ ہیں، محنت اور لگن کے بغیر صوبے کی ترقی کا خواب پورا کرنا ممکن نہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحددہ کے پبلک سروس ڈے کے موقعے پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ آج حکومت کی طرف سے عوام کی خدمت کو بہتر بنانے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والے ملازمین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
پیغام میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوام کیلئے محنت، لگن اور ایمانداری سے کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ لگن اور دیانت داری کے ساتھ خدمت کیلئے زندگیاں وقف کردینے والے لوگ تعریف کے قابل ہیں۔ محنت اور لگن کے بغیر ترقی نہیں ہوسکتی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی خدمت اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کے بنیادی فرض سے بخوبی واقف ہے۔ صوبائی حکومت عوامی خٰدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی خدمت میں جوابدہی، شفافیت اور بہترین کارکردگی کیلئے اپنے عزم کو دوہراتی ہے۔ بہتر سروس کی فراہمی اور گڈ گورننس کیلئے محکموں کی ری اسٹرکچرنگ کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ سروس ڈلیوری بہتر کی جاسکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








