لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم عوام کے تحفظ کیلئے ہنگامی حالات کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے شعور اور تیاری ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری، شعور اور مؤثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے اور پنجاب حکومت عوامی تحفظ کیلئے منصوبہ بندی کررہی ہے۔
پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ائیر ایمبولینس اور موٹر وے ایمبولینس سروسز شروع کی گئی ہیں، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو بھی جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کے کنٹرول رومز اپ گریڈ ہورہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبائی حکومت موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ہمارا مقصد آفات کے خطرات سے قبل مؤثر اقدامات کرنا اور عوام کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔ بہترین ڈیزاسٹر مینجمنٹ کیلئے عوام کی شراکت داری اور آگہی مہم کلیدی کردار کے حامل ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت قدرتی آفات کا خطرہ کم کرکے آنے والی نسلوں کو محفوظ اور مستحکم مستقبل دینا چاہتی ہے۔ خیال رہے کہ ہر سال 13اکتوبر کو قدرتی آفات میں کمی کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس میں موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر آسمانی آفات کے تدارک کیلئے اقدامات پر آگہی دی جاتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








