وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے عمل کی براہِ راست آن لائن مانیٹرنگ خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں انہوں نے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں، پلوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے احکامات پر سیلاب متاثرین کی ضروریات کو شفاف انداز میں پورا کرنے کے لیے سروے فارم، موبائل ایپ اور مانیٹرنگ ڈیش بورڈ قائم کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز خود ڈیش بورڈ کے ذریعے ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کریں گی۔
جادو یا میڈیکل کا کرشمہ؟ پاکستان میں جدید ٹریٹمنٹ سے ایک گھنٹے میں کینسر ختم وہ بھی مفت
ریونیو ڈپارٹمنٹ پنجاب کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے 27 اضلاع اور 3775 دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب سے 63 ہزار 200 پکے اور 3 لاکھ 9 ہزار 684 کچے مکانات کو نقصان پہنچا۔
سروے ٹیم میں اربن یونٹ، ریونیو، محکمہ زراعت اور پاک فوج کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ متاثرین کے نقصانات کا درست تعین کیا جا سکے۔
مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کو متاثرہ افراد تک خود پہنچنا ہوگا۔ امدادی ترسیل کے لیے مزید کیمپ اور پوائنٹس قائم کیے جائیں تاکہ ہر متاثرہ فرد کو بروقت سہولت فراہم ہو۔
انہوں نے یقین دلایا کہ کسی متاثرہ شخص کو ریلیف سے محروم نہیں رکھا جائے گا اور ہر ممکن ازالہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی اور امداد کے لیے پرعزم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








