پاکستان اسٹیل مل سے 10 ارب روپے کا مٹیریل چوری ہونے کا انکشاف

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی: پاکستان اسٹیل مل سے تقریباً 10 ارب روپے مالیت کا مٹیریل چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل مل میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی چوری سامنے آئی ہے، جس کی تحقیقات کیلئے وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے ایف آئی اے سے رجوع کرلیا۔

وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو خط لکھا گیا ہے، جس میں پاکستان اسٹیل مل کے مختلف ڈپارٹمنٹس میں کی جانے والی چوریوں میں ملوث عناصر کو منظر عام پر لانے کے لیے شفاف اور فوری تحقیقات کی درخواست کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی

اس حوالے سے جنرل سیکرٹری سی بی اے اسٹیل ملز عبد الرزاق کا کہنا ہے کہ چوری کی شفاف تحقیقات کیلئے خط لکھا تھا، اسٹیل ملز میں چوریوں کا سلسلہ گزشتہ دور حکومت میں شروع ہوا، گزشتہ دور حکومت میں اسٹیل ملز کا 10 ارب روپے کا مٹیریل چوری ہوا، گزشتہ حکومت کو چوریوں سے آگاہ کیا مگر کوئی پیش رفت نہ ہوئی۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ چوری میں سکیورٹی اور سینئر انتظامی افسران کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، قومی اثاثے کو لٹیروں سے بچانےکے لیے فوری ایکشن و تحقیقات کی جائیں، 27 جولائی کی رات 50 افراد پر مشتمل لٹیروں کا ایک گروہ اسٹیل ملز کے احاطے میں داخل ہوا، پاکستان اسٹیل کے پلانٹ ایریا سے اربوں بھاری مالیت کا تانبہ اور وائرز چوری کی گئیں۔

خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ موجودہ اور گزشتہ چوریوں میں سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ اور ملازمین خاموش تماشائی بنے رہے۔

وزارت صنعت و پیداوار نے اسٹیل ملز میں چوری کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ چوریاں مین پلانٹ سمیت مختلف ڈیپارٹمنٹس میں ہوئیں، الزامات انتہائی سنجیدہ ہیں اور اسٹیل ملز انتظامیہ کی شفافیت کو چیلنج کیا گیا ہے، مبینہ چوریوں کی ایف آئی اے شفاف تحقیقات کرے۔

 

Related Posts