اپنی صاف گوئی کے باعث مشہور اداکارہ متھیرا نے ریمپ واک پر تنقید کرنے پر ناقدین کی کلاس لیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، میں تو خوش رہنے کی کوشش کررہی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ و ماڈل متھیرا نے ریمپ واک کی ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا نشانہ بننے پر برہمی کا اظہار کیا۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے متھیرا کا وزن بڑھنے پر تنقید کی اور انہیں ملازمہ تک سے تشبیہ دے ڈالی۔
بعد ازاں متھیرا نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے ناقدین کو منہ توڑ جواب دیا۔ متھیرا نے کہا کہ لوگ میرے بارے میں منفی باتیں کر رہے ہیں، حالانکہ میں تو اپنی صحت پر توجہ دیتے ہوئے خوش رہنے کی کوشش کر رہی ہوں۔ مجھے شو میں بطور ماڈل دعوت دی گئی تھی۔
اداکارہ متھیرا نے کہا کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ بیمار ذہنیت رکھنے والے پیجز میرے بارے میں بے بنیاد باتیں پھیلا رہے ہیں۔ اپنی صحت کے متعلق متھیرا نے بتایا کہ ان کا گھٹنے کا آپریشن ہوا ہے اور تھائرائیڈ سے متعلق طبی مسائل بھی جاری ہیں۔
متھیرا نے کہا کہ لوگ اس طرح کا رویہ اختیار کریں تو ایسے پیجز اور ان پر پوسٹ کرنے والے تمام لوگوں کو حقیقت میں شرمندہ ہونا چاہئے۔ میں تنگ نظر معاشرے میں حوصلے کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں اور اعتماد سے آگے بڑھتی رہوں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








