خوبرو اداکارہ میرا سیٹھی نے دو سال بعد اپنی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں اپنی ذاتی زندگی اور تجربات پر کھل کر بات کی ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں میرا سیٹھی نے بتایا کہ ڈرامہ سیریل ’’ان کہی‘‘ کی ریکارڈنگ کے چند ماہ بعد، مارچ 2023 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔ وہ وقت ان کی زندگی کا سب سے کڑا دور تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ برسوں پہلے ایک ڈرامے میں انہوں نے طلاق یافتہ خواتین کے حوالے سے ایک جملہ بولا تھا کہ ’’طلاق یافتہ عورت معاشرے کے لیے کانٹا بن جاتی ہے‘‘ اور وہ آج بھی یہ ڈائیلاگ یاد کرتی ہیں۔ تاہم اب حالات کافی بدل گئے ہیں اور انڈسٹری کی کئی اداکارائیں کھل کر طلاق پر بات کر رہی ہیں، لیکن شادی کے اختتام کے بعد ایک عورت کو صرف دکھ ہی نہیں بلکہ شناخت کے بحران کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے ڈھائی برسوں میں وہ خود کو سمجھنے اور دنیا کے ساتھ اپنے تعلق کو جانچنے کی کوشش کرتی رہی ہیں، جو ایک اداکارہ کے لیے ضروری عمل ہے کیونکہ اس کی زندگی ہمیشہ لوگوں کے سامنے ہوتی ہے۔
میرا سیٹھی کے مطابق اس کڑے وقت میں دوستوں، خاندان اور کچھ اجنبی افراد کی مدد بھی ان کے لیے قیمتی ثابت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ طلاق انسان کی زندگی اور شناخت پر گہرا اثر ڈالتی ہے اور اس صدمے سے نکلنے میں وقت لگتا ہے، لیکن خود احتسابی کا عمل نہ صرف مثبت ہے بلکہ لازمی بھی ہے اور اس نے انہیں سنبھلنے میں بہت سہارا دیا۔
واضح رہے کہ میرا سیٹھی نے 2019 میں اپنے قریبی دوست بلال صدیقی سے امریکا میں شادی کی تھی، جس کی منگنی ایک سال پہلے ہوئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








