کراچی: شہر قائد میں موجود ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں عید الاضحی سے قبل ملک بھر سے جانور فروخت کے لئے لائے جاتے ہیں، جس میں اعلیٰ نسل کے خوبصورت جانور بھی موجود ہوتے ہیں، جو شہریوں کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں، ایم ایم نیوز کی ٹیم نے مویشی منڈی کا دورہ کیااور مویشی منڈی میں موجود خاتون بیوپاری سدرہ خان سے سیر حاصل گفتگو کی۔ جن کے پاس اعلیٰ نسل کے جانور فروخت کے لئے موجود ہیں۔
خاتون بیوپاری سدرہ خان نے ایم ایم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے شروع سے ہی جانورپالنے کا شوق تھا، یہی وجہ تھی کہ میں نے اس کام کو کرنے میں دلچسپی لی، انہوں نے بتایا کہ میرے فیملی کے کچھ افراد بھی بیوپاری کا کام کرچکے ہیں، انہیں دیکھ کر بھی مجھے اس کا شوق ہوا۔
انہوں کہا کہ جب میں نے کاروبار کرنے کا ارادہ کیا تو میں نے سوچا کہ مجھے جس کا شوق ہے تو کیوں نہ میں اسی حوالے سے کاروبار کروں، انہوں نے بتایا کہ مجھے اس حوالے سے کوئی تجربہ نہیں تھا، منڈیوں اور باڑوں میں جاکر اس کام کو سیکھا، شروع میں تھوڑا نقصان بھی برداشت کیا۔
سدرہ خان نے بتایا کہ ہماری ٹیم اس سارے کاروبار کو سنبھالتی ہے، میں صرف آکر سپر وائز کرتی ہوں، میں گاہکوں سے ڈیلنگ نہیں کرتی، صرف اپنے قریبی جاننے والوں سے میں ڈیلنگ کرتی ہوں، اس کے علاوہ کسی سے ڈیلنگ نہیں کرتی، انہوں نے کہ ہمارے پاس تین کیٹیگریز ہیں اس وقت سیل کرنے کے لئے، ہمارے پاس ایک وی آئی پی کیٹیگری ہے، جس میں بھاری وزن کے جانور ہیں۔
انہوں نے ایم ایم نیوز کی ٹیم کو مختلف قسم کے جانور دکھائے، جس میں ایک جانور جس کا نام ریڈ نکرا تھا، اس کی خصوصیات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مکمل ریڈ ہے اور اس کی آنکھیں بھی ریڈ ہیں اور اس کی قیمت ڈھائی لاکھ روپے مقرر کی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ میرا پسندیدہ جانور ہے۔
سدرہ خان نے وی آئی پی کیٹیگری میں سے ایک گائے کی ایک بھاری بھرکم جوڑی دکھائی، جس کی ڈیمانڈ انہوں نے 30لاکھ روپے کی تھی، انہوں نے اس کے علاوہ سیل میں رکھے گئے جانور بھی دکھائے، جن کی ڈیمانڈ ایک لاکھ 90ہزار روپے تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے آدھے جانور تو فروخت ہوگئے ہیں، باقی جانور ہمارے فارم پر موجود ہیں، جیسے جیسے جگہ بنتی ہے، ہم جانور وں کو منڈی میں لے آتے ہیں، انہوں نے کہا منڈی کی انتظامیہ نے مجھے ایک خاتون ہونے کے ناطے بہت اچھا رسپانس دیا اور بھرپور تعاون کیا۔
آخر میں سدرہ خان کا کہنا تھا کہ میں خواتین کو مشورہ دوں گی وہ اس فیلڈ میں آئیں کیونکہ یہ ایک بہت اچھا کام ہے، اگر میری کسی حوالے سے مدد کی ضرورت ہوگی تو میں ضرور کروں گی۔