کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء و وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی کی اہلیہ یاسمین زیدی نے شہر بھر میں بے گھر جانوروں کو کھانا کھلانے کا بیڑہ اٹھالیاہے۔
یاسمین زیدی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کا بے گھر جانوروں اور پرندوں پر بہت برااثر پڑا ، لاک ڈاؤن کے دوران بے گھر جانوروں کے پاس کھانے کا کوئی ذریعہ نہیں تھا۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان جانوروں کی دیکھ بھال کریں۔

یاسمین علی زیدی کراچی میں بے گھر جانوروں کو کھانا کھلاتی ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ بے گھر جانوروں کا انحصار ریسٹورنٹ ، کینٹین اور بازاروں میں بچ جانے والے کھانے پر ہوتاہے تاہم لاک ڈاؤن کے دوران لوگ گھروں میں محصور رہے جس کی وجہ سے جانوروں کو بھی خوراک ملنے کے ذرائع کم ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ میری گلی میں ایک کتا ہے اور میں اسے ہر روز کھانا کھلانے جاتی ہوں۔

یاسمین زیدی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران وفاق اور صوبائی حکومتوں نے غریب اور مساکین کو خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے لیکن بے گھر جانوروں کے لئے اس طرح کے اقدامات نہیں کیے گئے ۔
انہوں نے انیمل ویلفیئر بورڈ آف پاکستان کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکام پر زور دیا کہ ایک کمیٹی تشکیل دیں تاکہ بے گھرجانوروں کو مناسب خوراک اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








