شنگھائی تعاون تنظیم کا وزرائے تجارت اجلاس اسلام آباد میں، اہم فیصلے کل ہونگے

تازہ ترین

تازہ ترین

شنگھائی تعاون تنظیم
(فوٹو: پیپلز ڈسپیچ)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان 12 ستمبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے تجارت اجلاس کی میزبانی کرے گا، اجلاس کی صدارت کا اعزاز وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کو حاصل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزراء کا 23واں اجلاس کل شہرِ اقتدار میں ہوگا، پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کا موجودہ صدر ہے، وزرائے تجارت اجلاس کے دوران اہم فیصلے متوقع ہیں۔

خطے کی لحظہ لحظہ بدلتی صورتحال کے پیشِ نظر ایس سی او وزارتی اجلاس میں تجارت کو بڑھانے اور اقتصادی خوشحالی پر گفتگو اور تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان تجارت اور ترقی کے منصوبوں پر غور کیا جائے گا۔

اس دوران پاکستانی وزارت تجارت جام کمال خان کی سربراہی میں خطے میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اجلاس کی میزبانی کرے گی،  ایس سی او وزرا کی جانب سے  خطے میں پائیدار ترقی اور تجارتی تعلقات مضبوط کرنے سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔

شنگھائ تعاون تنظیم کے وزارتی اجلاس کے نتائج پر آئندہ حکومتی سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں بحث ہوگی۔  اجلاس میں عالمی تنظیم کے تحت اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی پر مشاورت اور گفتگو بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں منعقد کیے جانے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے تجارت اجلاس کا مقصد خطے میں اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے طریقے تلاش کرنا ہے پاکستان ایس سی او ممالک کے لیے باہمی تجارتی فوائد کو فروغ دینے کی راہ پر گامزن ہے۔

Related Posts