پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کو کپڑوں کے انتخاب پرمتنازعہ بیان دینے کی پاداش میں سوشل میڈیا صارفین کی کڑی تنقید کا سامنا ہے۔
معروف ٹی وی میزبان اور مصنف انور مقصود کے ہمراہ آرٹس کونسل کراچی میں طویل گفتگو کے دوران اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے کیرئیر پر کھل کربات چیت کی۔ اس دوران ثقافتی اقدار اور اپنی نشوونما پر خاندانی اثر و رسوخ پر بھی گفتگو ہوئی۔
گفتگو کے دوران اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے سلیولیس کپڑوں کے متعلق کہا کہ مجھے اپنی دادی کے اردگرد رہتے ہوئے ہمیشہ احتیاط برتنی پڑتی تھی اور میں ان کے سامنے ان کی عزت کرنے کی وجہ سے سلیو لیس کپڑے نہیں پہنتی تھی۔
اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ نوجوان نسل ذہین اور زمانے کے تغیرات سے بخوبی آگاہ ہے۔ ثقافتی اقدار اور مناسب کپڑوں کا استعمال وقت گزرنے کے ساتھ چھوٹنا نہیں چاہئے۔ یہ تربیت ضروری ہے اور اس تربیت کو برقرار رہنا چاہئے۔
حالانکہ ماہرہ خان نے لباس کے متعلق کوئی ایسی بات نہیں کی جس پر اعتراض کیا جائے، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کی جانب سے فلموں اور ڈراموں میں لباس کے انتخاب کو سامنے رکھتے ہوئے تنقید کی، کیونکہ فلمز میں ایسا لباس پہننا پڑتا ہے۔
کچھ ناقدین نے اداکارہ کی گفتگو کو تضادات سے بھرپور قرار دیا کیونکہ اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے طرزِ زندگی اور فیشن کے اظہار کیلئے اکثر و بیشتر ایسے لباس کا استعمال کیا ہے جسے پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد تعریف کی نظر سے نہیں دیکھتی۔
تمام تر تنقید کے باوجود اداکارہ ماہرہ خان پاکستانی شوبز انڈسٹری کی صفِ اوّل کی فنکارہ ہے جس نے لیجنڈ آف مولا جٹ اور رئیس سمیت بھارت اور پاکستان کی متعدد فلمز میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور فلم بینوں سے خوب داد بھی حاصل کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








