پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں والد نے اہل محلہ اور رشتے داروں سے طعنوں سے تنگ آکر اپنی ذہنی معذور بیٹی کو قتل کر ڈالا۔
پولیس حکام کے مطابق لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن باپ نے اپنے بھائیوں سے ملکر اپنی ذہنی معذور بیٹی کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے 15 سالہ لڑکی کو گلا دبا کر قتل کیا اور لاش کو رات گئے قریبی قبرستان میں دفن کر دیا۔ مقتولہ سدرہ ذہنی معذور تھی اور اکثر گھر سے باہر نکل جایا کرتی تھی۔
ملزمان نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ محلے داروں کی طرف سے طعنے سننے پر انہوں نے غصے میں آ کر قتل کی واردات کی۔
تھانہ کوٹ لکھپت پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے والد بشیر اور دو چچاؤں عمران اور جبار کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل لاہور میں کاہنی کے علاقے میں بھائیوں نے غیرت کے نام پر ماں اور بہن کو قتل کردیا تھا ۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے دونوں بیٹوں نے ماں رخسانہ اور بیٹی رمشا کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








