اداکارہ دنانیر مبین اس بار لندن کسی ایوارڈ شو کی چمک دمک کے لیے نہیں بلکہ ایک ایسی کہانی کے ساتھ پہنچی ہیں جو کراچی کے علاقے لیاری سے جڑی ہوئی ہے۔ وہ ان دنوں اپنی نئی فلم میرا لیاری کی عالمی نمائش اور تشہیری سرگرمیوں کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں جہاں یہ فلم 28ویں یو کے ایشین فلم فیسٹیول میں پیش کی جا رہی ہے۔
فلم میرا لیاری جس میں دنانیر کے ساتھ عائشہ عمر بھی شامل ہیں 2 مئی 2026 کو معروف بی ایف آئی ساؤتھ بینک میں پریمیئر کی گئی۔ فلم کی کہانی لیاری سے تعلق رکھنے والی خواتین فٹبالرز کی جدوجہد اور کامیابیوں کے گرد گھومتی ہے جسے پہلے ہی فلمی حلقوں میں کافی پذیرائی مل رہی ہے اور اسے ایک مضبوط اور متاثر کن اسپورٹس ڈرامہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پریمیئر کے بعد سے دنانیر مبین فیسٹیول کی مختلف سرگرمیوں میں نمایاں طور پر شریک ہیں۔ وہ ہدایتکار علی سجاد شاہ (ابو علیحہ) اور دیگر فنکاروں کے ساتھ ریڈ کارپٹ، پریس کانفرنسز اور میڈیا انٹرویوز میں حصہ لے رہی ہیں۔ 3 مئی تک وہ فیسٹیول میں مصروف دکھائی دیتی ہیں اور سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ اس سفر کی جھلکیاں بھی شیئر کر رہی ہیں۔
دوسری جانب عائشہ عمر بھی لندن میں موجود ہیں اور فلم کی تشہیر میں دنانیر کا ساتھ دے رہی ہیں۔ اس سے قبل دانانیر کے لندن کے دورے زیادہ تر ایوارڈ تقریبات سے جڑے ہوتے تھے لیکن اس بار ان کی موجودگی ایک بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں پاکستانی سنیما کی بڑھتی ہوئی پہچان کو ظاہر کرتی ہے۔
بی ایف آئی ساؤتھ بینک میں ہونے والی اسکریننگ کو برطانیہ میں جنوبی ایشیائی سنیما کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے جہاں میرا لیاری نہ صرف کھیل بلکہ خواتین کی خودمختاری کے موضوع پر بھی نئی بحث کو جنم دے سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








