جمائما کی نئی محبت! عمران خان کی سابق اہلیہ نے نیا کروڑ پتی جیون ساتھی چن لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین و سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ ایک معروف اور ارب پتی فنانسر کیمرون او ریلے سے منگنی کے بعد جلد شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہی ہیں۔

برطانوی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں کا تعلق ایک سال سے کچھ زائد عرصے سے قائم ہے۔ 52 سالہ جمائما گولڈ سمتھ جو بطور اسکرین رائٹر اور ڈاکیومنٹری پروڈیوسر بھی جانی جاتی ہیں کی 62 سالہ آئرش-آسٹریلوی سرمایہ کار کیمرون او ریلے سے منگنی ہو چکی ہے او ریلے معروف میڈیا شخصیت اور سابق رگبی کھلاڑی سر انتھونی او ریلے کے بیٹے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کیمرون او ریلے اور جیمائما کی ملاقات پیشہ ورانہ کام کے دوران ہوئی جہاں وہ مختلف ڈاکیومنٹریز اور فلمی منصوبوں میں بطور ایگزیکٹو پروڈیوسر شامل رہے بعد ازاں یہ تعلق دوستی سے بڑھ کر رومانوی رشتے میں تبدیل ہو گیا۔

جوڑے کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اپنا وقت سوئٹزرلینڈ اور لندن کے درمیان تقسیم کرتے ہیں۔ ایک قریبی دوست کے مطابق وہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ خوش ہیں اور ابتدا میں دوست تھے تاہم گزشتہ ایک سال سے وہ باقاعدہ رشتے میں ہیں۔ او ریلے اپنی نجی زندگی کو بہت حد تک خفیہ رکھنے کے خواہشمند ہیں اور جمائما بھی اس پہلو کا احترام کرتی ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق جمائما کے بھائی روبن برلی سمیت قریبی رشتہ داروں نے بھی کیمرون او ریلے سے ملاقات کی ہے اور ان کے ساتھ تعلقات خوشگوار قرار دیے گئے ہیں۔

تعلیمی اور پیشہ ورانہ پس منظر کے مطابق کیمرون او ریلے آکسفورڈ یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے اپنے والد کے میڈیا بزنس میں تقریباً ایک دہائی تک کام کیا اور بعد ازاں مختلف اداروں میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔ 2003 میں انہوں نے ایک پرائیویٹ ایکویٹی کمپنی قائم کی اور بعد میں ایک بڑی سوئس کمپنی کے سی ای او بھی رہے۔

دوستوں کا کہنا ہے کہ یہ منگنی جیمائما کے لیے ایک نئے اور مستحکم دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ دونوں کی دلچسپی ڈاکیومنٹری فلم سازی میں بھی مشترک ہے۔

جمائما نے اپنے کریئر میں کئی معروف پروجیکٹس پر کام کیا ہے جن میں سیاسی اور سماجی موضوعات پر مبنی ڈاکیومنٹریز شامل ہیں۔ وہ 2018 کی مشہور سیریز اور دیگر ایوارڈ یافتہ پروڈکشنز سے بھی جڑی رہی ہیں۔

یاد رہے کہ جمائما گولڈ سمتھ سابق کرکٹر اور سیاستدان عمران خان کی سابقہ اہلیہ ہیں جن سے ان کے دو بیٹے قاسم اور سلیمان ہیں۔ عمران خان اس وقت پاکستان میں قانونی مقدمات اور قید کی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ جمائما ان کی رہائی کے لیے بھی آواز اٹھاتی رہی ہیں۔

جمائما اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی اور 2004 میں طلاق ہو گئی تھی۔ اس کے بعد جمائما مختلف معروف شخصیات کے ساتھ تعلقات میں بھی رہ چکی ہیں۔

منگنی کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ سمتھ گزشتہ سال 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ اس کے علاوہ حالیہ مہینوں میں انہیں ٹریفک خلاف ورزی سے متعلق جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ انہوں نے اپنے گھر کی تزئین و آرائش کو قرار دیا تھا۔

Related Posts