اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ زمان پارک میں ہونے والے واقعات نے ثابت کر دیا کہ پی ٹی آئی ایک عسکری تنظیم ہے سیاسی جماعت نہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں سے منسلک لوگ لاہور میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف مزاحمت کرنے والے ہجوم کا حصہ تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ میں دہشت گرد تنظیموں کے عسکریت پسند اب بھی موجود ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ریاست کو پی ٹی آئی کے ساتھ ایک سیاسی جماعت کی طرح سلوک کرنا بند کرنا ہوگا اور ان کے ساتھ ایسے ہی سلوک کرنا ہوگا جس طرح کالعدم تنظیموں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے میں پانچ منٹ سے زیادہ وقت نہیں لگے گا لیکن حکام معصوم لوگوں کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیک ہونے والی آڈیو نے ثابت کیا ہے کہ پی ٹی آئی اس بنیاد پر ٹکٹ دینے کی تیاری کر رہی ہے کہ زمان پارک میں عمران خان کی حفاظت کے لیے ’عسکریت پسند عناصر‘ کون لا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ دینے کا یہ طریقہ اس سے مختلف نہیں جس طرح دہشت گرد خودکش حملہ آوروں کو برین واش کرتے ہیں۔
مریم نے یہ بھی کہا کہ سیاسی تحریکوں کی قیادت عام طور پر صف اول کے رہنما کرتے ہیں لیکن عمران خان نے خود کو بنکر میں بند کر لیا۔
مہنگائی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار لوگوں کی زندگیوں میں بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی گرفتاری سے بچنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ وہ یہ حلف دیں کہ جب بھی انہیں عدالت طلب کرے گی وہ پیش ہوں گے۔
مزید پڑھیں:عمران خان مختلف مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے
مریم نواز نے مزید کہا، ”پی ٹی آئی کی طرف سے کارکنوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ پولیس کی گاڑیوں پر پٹرول بم پھینکیں، جب کہ گلگت بلتستان کی پولیس ان غنڈوں کی حفاظت کر رہی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ تربیت یافتہ دہشت گرد حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کے لیے زمان پارک میں موجود ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








