پاکستانی سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے مختلف مقامات پر اسرائیلی ساختہ مزید 48 بھارتی ڈرون مار گرائے جس کے بعد تباہ کیے گئے ڈرونز کی مجموعی تعداد 77 تک پہنچ گئی ہے۔
جمعرات کے روز پاکستانی مسلح افواج نے 29 بھارتی ڈرونز مار گرائے تھے جبکہ جمعرات کی شب سے لے کر جمعہ کی صبح تک مزید 48 ڈرونز کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ یہ ڈرونز وہاڑی، پاکپتن اور اوکاڑہ سمیت مختلف شہروں میں مار گرائے گئے۔
یاد رہے کہ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا تھا کہ تمام ڈرونز کو ریڈار سسٹمز کے ذریعے ٹریک کیا گیا۔
ان کے مطابق جب بھی دشمن کا کوئی ڈرون ہماری فضائی حدود میں داخل ہوتا ہے تو اسے مسلسل نگرانی میں رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا فضائی دفاعی نظام حتیٰ کہ چھوٹے فضائی خطرات کو بھی شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شہری علاقوں اور تجارتی فضائی راستوں کے قریب بھی ان ڈرونز کو محفوظ طریقے سے تباہ کرنے کے لیے سخت آپریشنل طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں نے اس فوری اور موثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی مضبوط دفاعی تیاری کا ایک اور ثبوت ہے۔ ان کے مطابق ان ڈرونز کی درست ٹریکنگ اور انہیں ناکارہ بنانے کی صلاحیت پاکستان کے نگرانی اور فضائی دفاعی نظام کی جدید ٹیکنالوجی کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ کشیدگی بھارت کے 6 اور 7 مئی کو کیے گئے بزدلانہ حملے کے بعد بڑھی، جن میں بھارت کے پانچ جدید طیارے، ڈرونز، متعدد فوجی چوکیوں کو تباہ کیا گیا، اور بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔
ہزیمت اور بوکھلاہٹ کی حالت میں، بھارت نے پاکستانی علاقوں پر حملوں کے لیے اسرائیلی ساختہ ہاروپ ڈرونز کا سہارا لیا ہے۔ یہ بلاجواز حملے بھارت کی مایوسی اور ناکامی کی واضح علامت ہیں کیونکہ لائن آف کنٹرول پر اسے مسلسل بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج پوری قوت کے ساتھ دشمن کی جارحیت کا جواب دے رہی ہیں اور اس کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔
اس وقت پاکستانی فوج نے بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے دشمن کو مؤثر پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








