کراچی: مشہور اداکارہ منال خان نے شوہر اور اداکار احسن محسن اکرام کے ساتھ علیحدگی کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی۔
گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر افواہیں زور پکڑ رہی تھیں کہ منال خان اور ان کے شوہر کے درمیان تعلقات بہتر نہیں رہے۔
ان قیاس آرائیوں کی بنیاد اداکارہ کی انسٹاگرام بائیو میں کی گئی تبدیلی کو قرار دیا جا رہا تھا۔ پہلے ان کا نام منال احسن درج تھا جسے اب انہوں نے واپس منال خان کر دیا۔
شوبز سے وابستہ کئی سوشل میڈیا پیجز نے اس تبدیلی کو دونوں کے درمیان اختلافات سے جوڑتے ہوئے علیحدگی کی خبریں پھیلائیں تاہم مداحوں میں سے بعض نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انسٹاگرام کی بائیو نادرا کا شناختی کارڈ نہیں کہ جہاں اصل نام درج کرنا ضروری ہو۔
اداکارہ منال خان نے افواہوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے شوہر احسن محسن اکرام کے ہمراہ خوشگوار لمحات میں دکھائی دے رہی ہیں۔ اس ویڈیو کے کیپشن میں اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کی شادی کو تقریباً چار سال مکمل ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ منال خان اور احسن محسن اکرام نے 10 ستمبر 2021 کو شادی کی تھی اور دونوں 2023 میں ایک بیٹے کے والدین بنے۔اداکارہ کے ردعمل نے واضح کر دیا ہے کہ ان کے تعلقات سے متعلق پھیلائی جانے والی علیحدگی کی تمام افواہیں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








