انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی کا اعزاز آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے حاصل کرلیا۔
آج 19 دسمبر کو آئی پی ایل سیزن 2024 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فرنچائزز نے اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے بہترین کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے نچھاور کردیئے۔
آئی پی ایل میں پہلے سن رائزز حیدرآباد نے حال ہی میں آئی سی سی ورلڈکپ جیتنے والے کپتان پیٹ کمنز کو ساڑھے 20 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا جس کے بعد کمنز آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بنے۔
اس سے قبل گزشتہ سال انگلش ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر سیم کرن کو پنجاب کنگز ریکارڈ ساڑھے 18 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔
لیکن پیٹ کمنز کا یہ ریکارڈ کچھ منٹوں میں ہی ٹوٹ گیا جب آئی پی ایل میں شاہ رخ خان کی فرنچائز کولکتا نائٹ رائیڈر نے2024 کے ایڈیشن کے لیے آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو ریکارڈ 24 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خرید کر سب کو حیرانی میں مبتلا کردیا۔
چنئی سپر کنگز نے نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کو 14 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا۔یوں مچل اسٹارک آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








