بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے کی بات کی ہے، پڑوسیوں سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔
نریندر مودی نے امریکا کے نیوز ویک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کے اندرونی معاملات پر تبصرہ نہیں کروں گا ۔میں نے پاکستان کے وزیر اعظم شہبازشریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ ہم نے ہمیشہ دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول میں خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کو آگے بڑھانے کی حمایت کی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے سفارتی تعلقات 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد متاثر ہوئے جس میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت ہمیشہ کی طرح پاکستان پر الزام لگاتا ہے لیکن کوئی قابل اعتماد ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔
اس حوالے سے پاکستان دفتر خارجہ نے ماضی میں بھارت کے دہشت گردی کے دعوؤں کو سختی سے مسترد کر دیا تھا اور اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ یہ بھارت ہی ایک مذموم بین الاقوامی دہشت گردی کے نیٹ ورک کا شاخسانہ ہے جیسا کہ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ سکھ رہنماؤں کو قتل کرنے کی سازش کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں بھی دہشت گردی میں ملوث رہا ہے۔
بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے چین کے ساتھ تعلقات اہم ہیں۔ یہ میرا یقین ہے کہ ہمیں اپنی سرحدوں پر صورتحال کو فوری طور پر بہتر کرنے کی ضرورت ہے ،انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ہمسایہ ممالک مثبت روابط کے ذریعے اپنی سرحدوں پر امن بحال کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








