معروف بیوٹی وی لاگر آمنہ نے ایک نہایت مفید گھریلو نسخہ پیش کیا ہے جس میں بیسن اور کیلے سے تیار کردہ قدرتی فیس پیک شامل ہے۔ ایک بار کے استعمال پر آپ کے تقریب 20 سے 30 روپے کا خرچ آئیگا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ فیس پیک نہ صرف جلد کو برائٹ اور فریش بناتا ہے بلکہ چہرے کے کھلے مسام (پورس) کو کم کرتا ہے، جلد کو نمی اور تروتازگی فراہم کرتا ہے اور جھریوں و فائن لائنز کو مؤثر طور پر کم کرتا ہے۔
آمنہ کے مطابق یہ نسخہ ہر قسم کی جلد، خواہ خشک ہو یا چکنی، دونوں کے لیے یکساں مفید ہے۔ یہ فیس پیک جلد کی سیاہی، تھکن اور گرمی سے ہونے والے نقصانات کو دور کرکے چہرے پر قدرتی چمک پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ فیس پیک جلد کو ہائیڈریٹ کرتا ہے۔ کیلے میں موجود اینٹی ایجنگ خصوصیات جلد کی لچک بحال کرتی ہیں جبکہ بیسن جلد سے تمام میل، دھول اور ٹیننگ کو دور کرتا ہے۔ شہد اور گلیسرین اس مکسچر میں نمی اور نرمی پیدا کرتے ہیں، جس سے چہرے کی تازگی دیر تک برقرار رہتی ہے۔
اجزاء
کیلا ایک عدد (چھیل کر میش کیا ہوا)
بیسن دو کھانے کے چمچ
شہد ایک چائے کا چمچ
گلیسرین تین سے چار قطرے (خشک جلد کے لیے)
صاف پانی حسبِ ضرورت مکسنگ کے لیے
فیس پیک تیار کرنے کے لیے سب سے پہلے ایک صاف اور خشک پیالہ لیں، اس میں میش کیا ہوا کیلا شامل کریں، پھر بیسن ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔
اس کے بعد شہد اور آخر میں چند قطرے گلیسرین شامل کریں۔ اگر جلد چکنی ہو تو گلیسرین شامل نہ کریں۔ تمام اجزاء کو اچھی طرح مکس کرنے کے بعد یہ فیس پیک استعمال کے لیے تیار ہے۔
فیس پیک لگانے سے پہلے کیلے کے چھلکے سے چہرے کی ہلکی سی کلینزنگ اور اسکریبنگ کرنے سے مزید بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
فیس پیک کو چہرے اور ہاتھوں پر نرمی سے لگائیں اور دس سے پندرہ منٹ کے لیے خشک ہونے دیں۔ خشک ہونے کے بعد ہلکے ہاتھوں سے مساج کرتے ہوئے نارمل پانی سے منہ دھو لیں۔
آمنہ کے مطابق اس فیس پیک کے روزانہ یا ہفتے میں دو سے تین بار استعمال سے جلد پر نمایاں چمک، نرمی اور تازگی محسوس ہوگی۔ یہ نسخہ سکن برائٹننگ، وائٹننگ اور ہائیڈریشن کے لیے نہایت مفید ہے اور ہر عمر کی خواتین اس سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ اس ریمیڈی کو ضرور آزمائیں اور اپنی رائے کمنٹس میں دیں۔ آمنہ کا کہنا تھا کہ جو لوگ اس نسخے کو باقاعدگی سے استعمال کریں گے انہیں چند دنوں میں حیرت انگیز نتائج حاصل ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








