اداکارہ مومنہ اقبال ہراسانی کیس ازدواجی معاملات پر ہونے والا تنازعہ نکلا، اداکارہ کے نکاح کی تاریخ طے کردی گئی ہے جبکہ مومنہ اقبال کی ہمشیرہ رمشا اقبال نے اداکارہ کے متعلق ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال اس وقت اپنی ذاتی زندگی اور ایک مبینہ ہراسانی کیس کی وجہ سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ ان کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ کے خلاف ہراسانی کے الزامات سامنے آئے، جس کے بعد انہوں نے آن لائن شکایت بھی درج کرائی۔ شکایت موصول ہونے پر متعلقہ حکام نے ابتدائی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس حوالے سے وکالت کے پیشے سے وابستہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ کیس سے متعلق تمام ضروری شواہد متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیے گئے ہیں اور سرکاری سطح پر اس معاملے پر مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو میڈیا ٹرائل کی بجائے مکمل طور پر قانونی دائرہ کار میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
رمشا اقبال نے مزید وضاحت کی کہ مومنہ اقبال کو ریاستی اداروں کی طرف سے سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے جبکہ ان کے ہونے والے سسرال کے گھر کے اطراف بھی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ رمشا اقبال کے مطابق اداکارہ کی شادی طے پا چکی ہے اور نکاح کی تاریخ یکم جون مقرر ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ یہ رشتہ مکمل طور پر طے شدہ ہے اور دونوں خاندان پہلے سے رشتہ دار نہیں ہیں۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال کے منگیتر اور ان کے سسرال کو بھی بعض دھمکی آمیز صورتحال کا سامنا رہا، تاہم وہ اپنی بہن کے ساتھ قانونی جنگ میں مضبوطی سے کھڑی ہیں۔
جب رشتے سے انکار ہو گیا تو پھر ثاقب سے کئی ملین روپے کی چیزیں لینے کی کیا ضرورت تھی؟ رشتے سے انکار اس لیے ہوا کیونکہ مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ سے اپنی پہلی شادی چھپائی ہوئی تھی، جو بدقسمتی سے کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ یہ وہ بات تھی جو 3 سے 4 سال تک ثاقب سے چھپائی گئی۔ جب یہ معاملہ… pic.twitter.com/JPWH6S0b7P
— WE News (@WENewsPk) May 21, 2026
دوسری طرف ثاقب چدھڑ کے وکیل میاں علی اشفاق نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رشتے سے انکار کے بعد بھاری مالیت کی اشیا لینے کا جواز پیدا نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق رشتہ اس وجہ سے ختم ہوا کہ مومنہ اقبال نے اپنی سابقہ شادی سے متعلق معلومات پہلے ظاہر نہیں کی تھیں، جو کئی سال تک پوشیدہ رہی، اور جب یہ بات سامنے آئی تو رشتے کا معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








