بندر نے انسانوں کو مالا مال کردیا مگر کیسے؟ ویڈیو دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک گاؤں میں ایسا واقعہ پیش آیا جو سن کر یقین کرنا مشکل ہے تاہم سچ ہے کہ ایک بندر نہ صرف ایک استاد کا پیسوں سے بھرا بیگ چرا لے گیا بلکہ درخت پر بیٹھ کر ہزاروں روپے کے کرنسی نوٹ فضا میں بکھیر دیئے۔

یہ واقعہ ضلع فیض آباد کے گاؤں ڈوڈا پور میں پیش آیا جہاں ایک مقامی اسکول کے استاد روہتاش چندر زمین کی رجسٹریشن کے لیے وکیل کے دفتر پہنچے تھے۔ انہوں نے اپنی موٹرسائیکل کی ڈگی میں 80 ہزار روپے رکھے ہوئے تھے۔

اسی دوران ایک چالاک بندر کھانے کی تلاش میں وہاں آنکلا اور استاد کی موٹر سائیکل کی ڈگی سے بیگ نکال کر قریبی درخت پر چڑھ گیا۔ اس کے بعد بندر نے بیگ کھولا اور اندر موجود نوٹ نیچے پھینکنے لگا۔

درخت سے نوٹ برستے دیکھ کر آس پاس موجود لوگ وہاں پہنچ گئے اور جس جس کے ہاتھ جو لگا، وہ لے اُڑا۔ اس تمام واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں لوگوں کو نوٹ چنتے دیکھا جا سکتا ہے۔

روہتاش چندر کا کہنا ہے کہ انہوں نے لوگوں کی مدد سے تقریباً 52 ہزار روپے واپس حاصل کر لیے ہیں لیکن باقی 28 ہزار روپے واپس نہ مل سکے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کوئی پہلا نہیں بلکہ علاقے میں بندروں کی بھرمار ہے اور وہ اکثر گھروں یا راہ چلتے افراد سے چیزیں چھین کر فرار ہو جاتے ہیں۔

Related Posts