ملک میں 26 جون سے جاری شدید مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ملک بھر میں اب تک 90 افراد جاں بحق اور 158 زخمی ہو چکے ہیں، سرکاری حکام نے ہفتے کے روز ان اعداد و شمار کی تصدیق کی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں میں تیزی اور درختوں کے کٹاؤ کی وجہ سے مون سون کی شدت غیر معمولی طور پر بڑھ چکی ہے اور یہ سلسلہ اگست کے مہینے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان وِرک کے مطابق درجہ حرارت میں اضافہ، شہری علاقوں میں گرمی کا ارتکاز اور مقامی موسم کے نظام میں تبدیلیاں شدید بارشوں کی اہم وجوہات ہیں۔
ان کا کہنا تھا جب شہروں میں کنکریٹ کا پھیلاؤ بڑھتا ہے اور درختوں کی تعداد گھٹتی ہے تو درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے۔ ایسی صورتحال میں جب مرطوب ہوا ٹھنڈی ہوا سے ملتی ہے تو شدید بارش کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 17 جولائی تک خیبر پختونخوا، کشمیر، بالائی و وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان سمیت ملک کے کئی حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور اگست میں بھی مون سون کی سرگرمیاں برقرار رہیں گی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے جنوبی پنجاب کے متعدد اضلاع میں شدید بارشوں اور اچانک سیلاب کے خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بہاولپور، ملتان، مظفرگڑھ، ظاہر پیر، راجن پور، لیاقت پور، خانپور، علی پور، احمد پور شرقیہ، جلالپور پیروالا اور ڈیرہ غازی خان سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے خطرات موجود ہیں۔
مظفرگڑھ کے نصاب اسٹیشن پر اب تک سب سے زیادہ 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بہاولپور ڈویژن، ملتان اور چولستان کے کچھ حصوں میں تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دریا کے کناروں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، اور تیز ہوا اور بجلی کے خطرات سے محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔
ماہرین کے مطابق مون سون کی شدت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلیاں اور شہروں میں سبزہ ختم کر کے کنکریٹ کا پھیلاؤ ہے، جس سے مقامی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور شدید بارشوں کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔
عرفان ورک نے کہا کہ دیہی علاقے اور چھوٹے قصبے جہاں قدرتی سبزہ موجود ہے وہاں حالات بہتر ہیں لیکن بڑے شہروں میں جہاں درختوں کی جگہ عمارتیں اور سڑکیں بن چکی ہیں، وہاں مقامی موسم شدید متاثر ہوا ہے جس کا نتیجہ مون سون میں زیادہ بارشوں کی صورت میں نکل رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








