بیجنگ: ہمسایہ ملک چین میں کورونا وائرس کے باعث مزید 82 افراد ہلاک ہو گئے جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 701 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث گزشتہ روز تک 2619افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 80 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ورلڈ و میٹرز کے مطابق اب تک 80ہزار 150 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 9 ہزار 214 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد میں سے 27 ہزار 668 افراد شفا یاب ہوچکے ہیں جسے ایک حوصلہ افزا صورتحال قرار دیا جارہا ہے، تاہم وائرس کے پھیلاؤ کی شرح تشویشناک حد تک زیادہ ہے۔
ہوبائی نامی چینی صوبے کے شہر وہان میں کورونا وائرس نے سب سے زیادہ افراد کو متاثر کیا جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی صوبہ ہوبائی میں ہوئیں۔
اب تک 37 ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ وائرس کے باعث اٹلی، ایران، ہانگ کانگ، فلپائن اور یورپ میں بھی ہلاکتیں ہوئیں۔ ہمسایہ ملک افغانستان میں بھی کورونا وائرس پہنچ چکا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل چین سے پھیلنے والا مہلک کورونا وائرس ایران کے بعد افغانستان پہنچ گیا جہاں اس وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز افغانستان کے وزیرِ صحت فیروزالدین فیروز نے صوبہ ہرات میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے صوبے بھر میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس ایران کے بعد افغانستان میں داخل
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








