کراچی:امتیاز اسٹور پرسموئیل نامی نوجوان کو سینڈوچ میں جھمکا کھلاکر بغیر علاج رخصت کرنے کے بعد شہریوں کی طرف سے مزید شکایات بھی سامنے آنے لگیں، اسٹور انتظامیہ نے متاثرہ نوجوان کی خبر تک نہ لی، سموئیل کا علاج جاری، ڈاکٹر نے کانچ کے ٹکڑے نہ نکلنے کی صورت میں اینڈوسکوپی تجویز کردی۔
ہفتہ 17 اگست کے روز سموئیل نامی نوجوان نے کورنگی انڈسٹریل تھانے کی حدود قیوم آباد کے قریب واقع امتیاز سپر اسٹور سے سینڈوچ خریدا جس میں کان کا جھمکا تھا۔ اسٹور میں ہی کھانے کے دوران جھمکا جبڑے میں لگنے کی وجہ سے نوجوان کا جبڑا زخمی ہوگیا تھا جبکہ جھمکے میں لگے کانچ کے ٹکڑے نوجوان کے حلق سے نیچے اتر گئے تھے۔
امتیاز اسٹور کا کارنامہ، نوجوان کو سینڈوچ میں جھمکا کھلاکر جان داؤ پر لگادی، ویڈیو وائرل
امتیاز انتظامیہ کی جانب سے بجائے کسی اسپتال لیجانے کے فلاحی ادارے سے نوجوان کا ایکسرے کروایا گیا جس میں جسم میں کانچ کے ٹکڑے پائے گئے تاہم امتیاز اسٹور کی انتظامیہ نے نوجوان کو علاج کیلئے اسپتال لے کر جانے کے بجائے زبانی معذرت کرکے گھر بھیج دیا تھا۔
امتیاز انتظامیہ نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ نوجوان کے علاج کے حوالے سے مکمل تعاون کیا جائے گا اور واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی تاہم امتیاز انتظامیہ کی طرف سے نوجوان سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا اور امتیاز اسٹور کے نمائندے عمیر جدون نے متعدد بار کال کرنے کے باوجود فون ریسیو نہیں کیا اور پیغامات کا بھی کوئی جواب نہیں دیا۔

واقعہ کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کئی سوشل میڈیا صارفین نے امتیاز اسٹور میں ناقص اشیا کے حوالے سے شکایات کی ہیں جبکہ ماضی میں امتیاز اسٹور پر ناقص اشیاء کی فروخت کی وجہ سے سندھ فوڈ اتھارٹی جرمانہ بھی عائد کرچکی ہے، اس حوالے سے روزنامہ جنگ کی رپورٹس موجود ہیں۔
امتیاز سپر اسٹور کے حوالے سے کسٹمر کے ساتھ فراڈ کے واقعات بھی رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اس میں صارفین کو اشیاء کے وزن اور معیار کے حوالے سے گمراہ کیا گیا ہے، جس پر صارفین کی جانب سے متعدد شکایات سامنے آئی ہیں ۔اس حوالے سے یوٹیوب پر ویڈیو بھی موجود ہے۔
یہ اسکینڈلز امتیاز سپر اسٹور کی ساکھ کو متاثر کرنے والے اہم مسائل ہیں اور ان کے نتیجے میں صارفین کا اعتماد مجروح ہوا ہے۔ اس طرح کے مسائل کے بعد انتظامیہ کو سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات نہ ہوں۔
دوسری جانب واقعہ کے حوالے سے سندھ فوڈ اتھارٹی کو بھی شواہد ملنے کے بعد تحقیقات کے بعد کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے ۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








