وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے والے باپ بیٹے پراربوں کے کرپشن کیسز ہیں،عمران خان

تازہ ترین

تازہ ترین

ایبٹ آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے والے باپ بیٹے پراربوں کے کرپشن کیسز ہیں، یہ لوگ جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کردیں، 20 لاکھ سے زائد لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے کہا کہ پرتپاک استقبال پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج مخالفین لوگوں کا یہ جم غفیر دیکھ لیں، لوگ کبھی بھی امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنے کو تیارنہیں۔میں آپ لوگوں کے پاس ایک خاص مقصد کیلئے آیا ہوں، 20 لاکھ سے زائد لوگ اسلام آباد آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے لوگ تو چھوڑیں اب سکول کے بچوں کو بھی پتہ ہے کہ لوٹا کیا ہے؟ یہاں میر جعفر اور میر صادق ساز ش کا حصہ بنے، ایک منتخب حکومت کوسازش کے تحت ہٹایا گیا، خیبرپختونخوا سے صرف ایک لوٹا نکلا، ابھی تک اس نے پشاور آنے کی جرات نہیں کی، جدھر بھی لوٹے جائیں گے ضمیرفروش اور غدار کے نعرے لگیں گے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ایک چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے نکلے، ان کیخلاف تفتیش کرنے والے ایف آئی اے افسران کو نکال دیا گیا، جو کچھ ہو رہاہے کیا یہ کسی جمہوریت میں ہو سکتا ہے، شہبازفیملی پر40ارب روپے کے کیسز ہیں۔

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ امریکا نے ایران میں حکومت بدلنے کی کوشش کی، حکومت بدلنے کیلئے سب سے پر پیسہ لگایا گیا، یہاں کبھی ڈیزل اور کبھی بلاول لانگ مارچ کرنے کا کہہ رہا ہے، پاکستان میں بھی پیسہ چلایا گیا، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے والے باپ بیٹے پراربوں کے کرپشن کیسز ہیں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کہا ہم بھکاری ہیں،ہمیں امریکاکی غلامی کرنی چاہیے۔ میں انہیں کہنا چاہتا ہوں بھکاری آپ ہوں گے قوم نہیں، بڑے لوگ تو چھوڑیں اب اسکول کے بچوں کو بھی پتہ ہے لوٹا کیا ہوتا ہے؟

ہم صرف اللہ سے ڈرتے ہیں،کسی سپرپاور کو نہیں مانتے۔ ہمارے نبی ﷺ نے فرمایااسلام مسلمانوں کوغیرت دیتاہے، میں نے کسی کو شریف خاندان کی طرح جھوٹ بولتے نہیں دیکھا۔

عمران خان نے کہا کہ روس اس لیے گیا کہ پاکستان میں تیل اور ڈیزل سستا ملے، اپنے ملک کے مفاد کو کبھی امریکا کیلئے قربان نہیں کروں گا، امریکاکو مشرف جیسا سربراہ چاہیے جو ایک فون کال پر چاروں شانے چت ہو جائے۔

عمران خان نے کہا کہ میر صادق نے ٹیپو سلطان کیساتھ غداری کی اور میسور انگریزوں کی غلامی میں چلا گیا، ہماری پالیسی یہ ہونی چاہیے اپنے لوگوں کو کسی کیلئے قربان نہ کریں، امریکی جنگ میں 80 ہزار پاکستانی شہید ہوئے، اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا، میں نے ہمیشہ امریکی جنگ کی مخالفت کی۔

مزید پڑھیں:ماں جیسی ہستی سے محبت کیلئے ایک دن مخصوص نہیں کیا جاسکتا۔حمزہ شہباز

Related Posts