جنوبی پنجاب میں ضلع وہاڑی کے شہر بورےوالا کے نواحی گاؤں 461 ای بی میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ماں نے اپنے دیور کے ساتھ ناجائز تعلقات کو چھپانے کے لیے اپنے ہی 10 سالہ گونگے بہرے معصوم بیٹے محمد عمر کو بےدردی سے قتل کر دیا۔ مقتول کا والد روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہے۔
دو روز قبل محمد عمر گلی میں کھیل رہا تھا کہ اچانک لاپتہ ہو گیا۔ بچے کے اغواء کا مقدمہ اس کے چچا کی مدعیت میں تھانہ صدر میں درج کر لیا گیا۔
اگلے ہی روز 461 ای بی کے قبرستان کے قریب واقع مکئی کے کھیت سے بچے کی لاش ملی جس پر تشدد کے واضح نشانات اور خون کے دھبے موجود تھے۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔

تفتیش کے دوران معاملے نے انتہائی دردناک رخ اختیار کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کا چچا ہی اس کا قاتل نکلا۔
دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کے اپنی بھابھی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے اور ایک دن محمد عمر نے دونوں کو قابلِ اعتراض حالت میں دیکھ لیا۔
اس خوف سے کہ بچہ ان کے تعلقات کسی کو نہ بتا دے، دونوں نے اسے اغواء کیا، شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں سر میں گولی مار کر قتل کر دیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس لرزہ خیز واقعے نے علاقے میں خوف و غم کی فضا پیدا کر دی ہے جبکہ شہریوں نے اس سفاک جرم میں ملوث ماں اور چچا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








